Gas Leakage Web ad 1

سرکاری اداروں کو خودکفیل بنانے کیلئے مؤثر نظام لانا چاہتے ہیں: فیصل کریم کنڈی

0

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر قانون و محنت عامر جاوید، سیکرٹری محکمہ محنت عبدالباسط سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

Gas Leakage Web ad 2

اجلاس کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی کو ریگی للمہ پشاور میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام محنت کشوں کے لیے تعمیر کیے گئے رہائشی فلیٹس، یونٹ وائز الاٹمنٹ کے طریقہ کار، فلیٹس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

گورنر نے ہدایت کی کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام رہائشی فلیٹس کی الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے، غیر قانونی الاٹمنٹ اور فلیٹس کرائے پر دینے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جبکہ محنت کشوں اور ان کے بچوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جائے۔
سالک حسین کا مریم نواز کو قانونی جواب، 2 نوٹس بھی بھجوا دیے
انہوں نے واضح کیا کہ رہائشی فلیٹس صرف حقیقی اور مستحق محنت کشوں کو الاٹ کیے جائیں اور غیر قانونی الاٹمنٹ یا فلیٹس کرائے پر دینے کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا بنیادی مقصد محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچانا ہے، اس لیے الاٹمنٹ کے پورے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام سکولوں، دستیاب اراضی اور جاری و مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بھی گورنر کو بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ محنت کشوں کے بچوں کے لیے قائم سکولوں میں فرنیچر، آئی ٹی لیبز اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے رہائشی سکولوں اور فلیٹس میں نصب ٹیوب ویلز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متبادل توانائی کے ذرائع سے استفادہ کرتے ہوئے اخراجات میں کمی لانے اور سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام سکولوں کو مؤثر اور بہتر انداز میں چلانے کے لیے نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسا نظام متعارف کرانا ہے جس کے تحت سرکاری ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے اپنے اخراجات خود پورے کرنے کی صلاحیت حاصل کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جلوزئی نوشہرہ سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی دستیاب اراضی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) موڈ کے تحت بروئے کار لانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ ان اثاثوں سے مؤثر استفادہ کیا جا سکے اور ادارے کے وسائل میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران گورنر کو ورکرز ویلفیئر بورڈ کی رہائشی کالونیوں میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی تجاوزات کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے۔

اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے رہائشی منصوبوں، تعلیمی اداروں کی بہتری، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور محنت کش طبقے کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.