Gas Leakage Web ad 1

استعمال شدہ کافی کے ذرات سے ایندھن تیار کرنے کا نیا طریقہ دریافت

0

استعمال شدہ کافی کے بچے ہوئے ذرات جنہیں عموماً بے کار سمجھ کر کوڑے دان میں پھینک دیا جاتا ہے، درحقیقت توانائی اور صنعتی پیداوار کا اہم ذریعہ بن سکتے ہیں۔ سائنسی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ کافی کے ان ذرات سے قابلِ تجدید ایندھن، بائیو ڈیزل اور مختلف مفید کیمیائی مادے تیار کیے جا سکتے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

اسپین کی یونیورسٹی روویرا آئی ورجیلی کے محققین نے ایک جدید طریقہ متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے استعمال شدہ کافی کے ذرات سے تیل حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس طریقہ کار کی خاص بات یہ ہے کہ تیل نکالنے کے بعد باقی رہ جانے والے مواد کو بھی دیگر صنعتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ’بائیو ماس اینڈ بائیو انرجی‘ میں شائع ہوئے ہیں، جن میں کافی کے فضلے کو قیمتی صنعتی وسائل میں تبدیل کرنے کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

دنیا بھر میں ہر سال کافی کی پیداوار کے دوران بڑی مقدار میں فضلہ پیدا ہوتا ہے۔ عالمی سطح پر کافی کی سالانہ پیداوار تقریباً ایک کروڑ میٹرک ٹن تک پہنچ چکی ہے، تاہم کافی کے دانوں کا صرف ایک محدود حصہ مشروب کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے جبکہ باقی مواد مختلف مراحل میں فضلے کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔

محققین کے مطابق استعمال شدہ کافی کے ذرات میں تقریباً 15 فیصد چکنائی یعنی لپڈز موجود ہوتی ہے، جسے نکال کر بائیو ڈیزل سمیت قابلِ تجدید ایندھن کی تیاری میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار سے نہ صرف کافی کے فضلے کو کارآمد بنایا جا سکتا ہے بلکہ صنعتی خام مال کے حصول کے نئے راستے بھی کھل سکتے ہیں۔ اس سے فضلے میں کمی اور ماحول دوست توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

یہ تحقیق سرکلر اکانومی کے تصور کو بھی تقویت دیتی ہے، جس کے تحت استعمال شدہ اشیا کو ضائع کرنے کے بجائے دوبارہ کارآمد وسائل میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ مستقبل میں اگر اس ٹیکنالوجی کو صنعتی سطح پر کامیابی سے استعمال کیا جائے تو کافی کا فضلہ توانائی اور مختلف صنعتی مصنوعات کی تیاری کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.