آزاد کشمیر میں اسلحہ لائسنس کی رجسٹریشن کی مدت میں 21 نومبر تک توسیع
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے اسلحہ لائسنس کی رجسٹریشن کی مدت میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کرتے ہوئے آخری تاریخ 21 نومبر 2026 مقرر کر دی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام اسلحہ لائسنس ہولڈرز کو مقررہ تاریخ تک رجسٹریشن مکمل کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں مقیم تمام اسلحہ لائسنس ہولڈرز، چاہے ان کے لائسنس کسی بھی علاقے یا مقام سے جاری ہوئے ہوں، قریبی پولیس اسٹیشن میں اپنے لائسنس کی رجسٹریشن کروانے کے پابند ہوں گے۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ 21 نومبر تک رجسٹریشن نہ کروانے والے اسلحہ لائسنس منسوخ تصور ہوں گے۔ اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈ لائسنس کے تحت اسلحہ یا ایمونیشن رکھنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی، گرفتاری اور اسلحہ ضبط کرنے جیسے اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں تمام لائسنس ہولڈرز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے مقررہ مدت کے اندر اپنے اسلحہ لائسنس کی رجسٹریشن قریبی پولیس اسٹیشن سے لازمی مکمل کروائیں۔



