اسلام آباد میں جے-30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026 اختتام پذیر ہوگئی، جس میں پاکستان کے حمزہ رومان اور احتشام ہمایوں نے بوائز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ٹینس کمپلیکس میں ہونے والے ایونٹ کے چاروں فائنلز میں مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے۔

بوائز سنگلز فائنل میں تھائی لینڈ کے فاسن سنچالونگ نے پاکستان کے حمزہ رومان کو 6-3 اور 6-0 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا، جبکہ گرلز سنگلز فائنل میں روس کی وکٹوریہ گرونتووا نے اپنی ہم وطن واروارا روبسوا کو 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔
بوائز ڈبلز فائنل میں حمزہ رومان اور احتشام ہمایوں کی پاکستانی جوڑی نے پاکستان کے عامر مزاری اور بیلاروس کے الیگزینڈر ویارسوتسکی کو سخت مقابلے کے بعد 6-3، 4-6 اور 10-7 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ گرلز ڈبلز فائنل میں روس کی اریانا گریگوریان اور قازقستان کی پولینا سشکووا نے تھائی لینڈ اور سری لنکا کی جوڑی کو 6-1 اور 7-5 سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔
چیمپئن شپ میں 17 ممالک کے مجموعی طور پر 62 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں 39 لڑکے اور 23 لڑکیاں شامل تھیں۔ ایونٹ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ملک میں جونیئر ٹینس کو فروغ دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
اختتامی تقریب میں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محمود مرتضیٰ مہمانِ خصوصی جبکہ پی پی ایل کے چیف کمیونیکیشن آفیسر شہریار پرچہ مہمانِ اعزاز تھے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل سمیت دیگر عہدیداران نے کامیاب کھلاڑیوں اور رنر اپ میں انعامات تقسیم کیے۔
دریں اثنا، جے-30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز 15 نومبر سے اسلام آباد کے اسی ٹینس کمپلیکس میں ہوگا۔



