پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ 13 ماہ کے دوران ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی نمایاں کمی کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ اسی عرصے میں ٹرانزٹ آمدن بھی 20 کروڑ ڈالر کم ہوگئی ہے۔

وفاقی وزارت تجارت کی دستاویزات کے مطابق افغانستان کے ساتھ تنازع کے باعث اکتوبر 2025 سے اب تک 13 ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ٹرانزٹ آمدن میں بھی 20 کروڑ ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔
دہشتگردی کے عفریت کے خاتمےکیلئے حکومت پُرعزم ہے، دہشتگردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے: وزیراعظم
دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان نے ایرانی کوریڈور کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں کو اپنی برآمدات میں معمولی اضافہ کیا ہے۔ پاکستان کی وسط ایشیائی ریاستوں کو برآمدات مالی سال 2024-25 میں 38 کروڑ ڈالر تھیں، جو مالی سال 2025-26 میں بڑھ کر 39 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہوگئیں۔ تاہم دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹرانزٹ کے اخراجات اور وقت میں اضافے کے باعث گوشت اور فارماسیوٹیکلز سمیت اہم برآمدی شعبے متاثر ہوئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق وسط ایشیائی ریاستوں نے اپنی تجارت کے لیے ترکیہ کے مرکز سے منسلک مڈل کوریڈور کا رخ کرلیا ہے، جبکہ افغانستان نے اپنی تجارتی سرگرمیاں جارجیائی اور ایرانی کوریڈورز کی طرف منتقل کردی ہیں۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ روس کے ساتھ بحری جہازوں کے ذریعے تجارت پر پابندیاں عائد ہونے کے باعث پاکستان اور روس کے درمیان تجارت بھی زمینی کوریڈورز کے ذریعے جاری تھی، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث یہ تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
دستاویز کے مطابق افغانستان نے اپنی زیادہ تر تجارت اور ٹرانزٹ تجارت پاکستان سے منتقل کرکے ایران اور وسط ایشیائی ریاستوں کی جانب منتقل کردی ہے۔ افغانستان نے بالخصوص ازبکستان اور قازقستان کو ترجیح دی ہے، جبکہ بھارت، چین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اکتوبر 2025 میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر طورخم اور چمن کے سرحدی تجارتی راستے تمام تجارتی سرگرمیوں کے لیے غیرمعینہ مدت تک بند کردیے تھے۔



