دہشتگردی کے عفریت کے خاتمےکیلئے حکومت پُرعزم ہے، دہشتگردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان: دہشتگردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن کے گیٹ سے ٹکرا دی
شہباز شریف نے کہا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں اور قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، تاہم ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ قابل تحسین ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔



