گھر میں تیار کیا گیا دہی بعض اوقات فریج میں رکھنے کے باوجود کھٹا ہو جاتا ہے یا اس کی سطح پر پانی جمع ہونے لگتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی بنیادی وجوہات میں دودھ کا معیار، درجہ حرارت، دہی جمانے کا دورانیہ اور پرانے دہی کی مقدار شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دہی میں پانی جمع ہونے کی ایک بڑی وجہ دودھ میں چکنائی اور دیگر ٹھوس اجزا کی کمی ہے۔ اس کے علاوہ دہی جمنے کے دوران برتن کو بار بار ہلانے سے بھی اس کی ساخت متاثر ہوتی ہے اور پانی الگ ہو کر سطح پر جمع ہونے لگتا ہے۔
دہی میں موجود مفید بیکٹیریا دودھ کی قدرتی شکر کو لیکٹک ایسڈ میں تبدیل کرتے ہیں، جس کے باعث دہی میں کھٹاس پیدا ہوتی ہے۔ اگر دہی کو زیادہ دیر تک گرم ماحول میں رکھا جائے یا جمانے کے لیے پرانا دہی زیادہ مقدار میں استعمال کیا جائے تو یہ عمل تیز ہو جاتا ہے۔
فریج میں رکھنے سے بیکٹیریا کی سرگرمی سست ضرور ہو جاتی ہے، تاہم یہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوتی، اسی لیے دہی وقت گزرنے کے ساتھ مزید کھٹا ہو سکتا ہے۔
دہی کو گاڑھا اور تازہ رکھنے کے آسان طریقے
ماہرین کے مطابق گھر میں گاڑھا اور مزیدار دہی تیار کرنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں۔
– دہی جمانے سے پہلے دودھ کو اچھی طرح ابالیں اور پھر اسے نیم گرم ہونے دیں۔
– دودھ میں تھوڑی مقدار میں تازہ دہی شامل کریں۔
– دہی جمانے والے برتن کو ڈھانپ کر مناسب گرم جگہ پر رکھیں۔
– دہی جمنے کے دوران برتن کو بار بار ہلانے سے گریز کریں۔
– دہی جمتے ہی اسے فریج میں منتقل کر دیں تاکہ اس کی کھٹاس بڑھنے کا عمل سست ہو جائے۔
ماہرین کے مطابق دہی کی سطح پر تھوڑا پانی جمع ہونا ایک قدرتی عمل ہے، جسے لازمی طور پر دہی کے خراب ہونے کی علامت نہیں سمجھنا چاہیے۔ یہ پانی دہی سے الگ ہونے والی چھاچھ (Whey) ہوتی ہے، جسے دہی میں دوبارہ ملایا بھی جا سکتا ہے۔



