یورپی یونین کا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے نئے سخت قوانین متعارف کرانے کا فیصلہ
یورپی یونین نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آن لائن کمپنیوں کے لیے سخت ضوابط متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے، جس کا مقصد صارفین کو آن لائن دھوکا دہی، گمراہ کن اشتہارات اور غیر منصفانہ کاروباری طریقوں سے محفوظ بنانا ہے۔

اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل فیئرنس ایکٹ (Digital Fairness Act) پیش کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں، آن لائن شاپنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور دیگر ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والے اداروں کو صارفین کے حقوق سے متعلق نئے قواعد کی پابندی کرنا ہوگی۔
مجوزہ قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسے فیچرز کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جو صارفین کو طویل وقت تک ایپلی کیشنز استعمال کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ان میں مسلسل اسکرولنگ، ویڈیوز کا خودکار طور پر چلنا اور بار بار نوٹیفکیشنز بھیجنا شامل ہیں۔ صارفین کو ان فیچرز کو بند کرنے اور اپنی آن لائن سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کا اختیار دینے کی بھی تجویز ہے۔
انفلوئنسر مارکیٹنگ کے حوالے سے بھی سخت ضوابط متعارف کرانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ نئے قواعد کے تحت سوشل میڈیا پر مصنوعات یا برانڈز کی تشہیر کرنے والے انفلوئنسرز کو واضح طور پر بتانا ہوگا کہ آیا انہیں اس تشہیر کے عوض رقم یا کوئی مالی فائدہ حاصل ہوا ہے، تاکہ صارفین کو اشتہارات اور ذاتی رائے کے درمیان فرق سمجھنے میں آسانی ہو۔
مجوزہ قانون میں آن لائن خریداری کے دوران صارفین کو گمراہ کرنے والے طریقوں پر بھی پابندی لگانے کی تجویز شامل ہے۔ ان میں جعلی ڈسکاؤنٹس، مصنوعی قلت ظاہر کرنا، جعلی کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمرز، چھپی ہوئی فیسیں اور صارفین کو فوری خریداری پر مجبور کرنے والے حربے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مفت ٹرائل اور سبسکرپشن سروسز کے قواعد بھی سخت کیے جائیں گے۔ کمپنیوں کو مفت آزمائشی مدت ختم ہونے سے پہلے صارفین کو آگاہ کرنا ہوگا، بامعاوضہ سروس شروع کرنے کے لیے واضح رضامندی حاصل کرنا ہوگی اور سبسکرپشن ختم کرنے کا آسان طریقہ فراہم کرنا ہوگا۔
بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے بھی خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ بچوں کی ذاتی معلومات اور کمزوریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں نشانہ بنانے والے اشتہارات اور ویڈیو گیمز میں رقم خرچ کرنے پر اکسانے والے طریقوں کو محدود کیا جائے گا۔ آن لائن گیمز میں رقم کے عوض غیر یقینی انعامات حاصل کرنے والے نظاموں پر بھی ضابطے متعارف کرانے کی تجویز ہے۔
یورپی کمیشن نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر قیمتوں کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔ کمپنیوں کو مصنوعات اور خدمات کی اصل قیمت، اضافی اخراجات اور ورچوئل کرنسی کی حقیقی مالی قدر سے متعلق واضح معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
مجوزہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر ان کے سالانہ عالمی کاروبار کے 6 فیصد تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔ مثال کے طور پر اگر کسی کمپنی کا سالانہ کاروبار 10 ارب یورو ہو تو اس پر زیادہ سے زیادہ 60 کروڑ یورو جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔ تاہم جرمانے کی حتمی رقم خلاف ورزی کی نوعیت اور متعلقہ قانونی ضوابط کے مطابق طے ہوگی۔
یورپی کمیشن کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو زیادہ جواب دہ بنانا، صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا اور غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔ کمیشن کا اندازہ ہے کہ ان اقدامات سے مستقبل میں صارفین کو اربوں یورو کے ممکنہ مالی نقصانات سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
دوسری جانب کاروباری حلقوں کی جانب سے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں کہ نئے ضوابط کے باعث ڈیجیٹل کمپنیوں کے انتظامی اور قانونی اخراجات میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ پہلے سے نافذ ڈیجیٹل قوانین کے ساتھ نئے قواعد کی ہم آہنگی بھی ایک اہم چیلنج ہوگی۔
واضح رہے کہ ڈیجیٹل فیئرنس ایکٹ تاحال مجوزہ قانون ہے اور اس کے حتمی نفاذ کے لیے یورپی پارلیمنٹ اور رکن ممالک کی منظوری ضروری ہوگی۔ منظوری کی صورت میں یورپی صارفین کو خدمات فراہم کرنے والی بین الاقوامی ڈیجیٹل کمپنیوں کو بھی ان قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔



