نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی زون نے خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنانے، ہراساں کرنے اور ان کے ذریعے بلیک میل کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے اعلامیے کے مطابق کراچی زون نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم شعیب نواز آفریدی کو گلستانِ جوہر سے گرفتار کیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر ان کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور بعد ازاں انہیں ہراساں اور بلیک میل کرنا شروع کردیا۔
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ، برینٹ خام تیل 110 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا
متاثرہ خاتون نے این سی سی آئی اے کراچی میں درج کرائی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے ملزم شعیب نواز آفریدی سے ایک گاڑی کرائے پر حاصل کی تھی۔ اس دوران ملزم نے مبینہ طور پر ان کا اعتماد حاصل کرکے ان سے دوستی قائم کی اور شادی کا جھانسہ دے کر ان کی نجی اور نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنالیں۔
شکایت کے مطابق ملزم انہی تصاویر اور ویڈیوز کو استعمال کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو مسلسل ہراساں اور بلیک میل کرتا رہا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کے مبینہ طریقۂ واردات سے متعلق یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ وہ خواتین کو کرائے پر گاڑیاں فراہم کرنے کی آڑ میں ان سے روابط قائم کرتا، ان کا اعتماد حاصل کرتا اور بعد ازاں ان کی نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے انہیں بلیک میل کرتا تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔



