مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی۔

سعودی عرب پر حوثیوں کے مزید حملوں کے بعد جمعرات کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پیٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 1.29 ڈالر، یعنی 1.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 110.11 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 97 سینٹ، یعنی ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 98.12 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اس سے قبل بدھ کو گزشتہ کاروباری سیشن کے اختتام پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی تھی، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں 67 سینٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔



