لاہور: حکومت پنجاب نے جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
سعودی عرب پر حوثیوں کے تازہ حملوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
ترجمان کے مطابق جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال اور خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جاسوسی کے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان آلات کے ذریعے غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ خفیہ کیمروں سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیاء کے غیر قانونی استعمال پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔



