یمن کے حوثیوں کی جانب سے فوجی تربیتی کیمپ پر حملے اور سعودی عرب میں توانائی کے مراکز، ہوائی اڈوں اور فوجی تنصیبات کو دوبارہ نشانہ بنانے کے دعوؤں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 17 سینٹ، یعنی 0.15 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 110.03 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بندکرنےکیلئے ای پی ایم سسٹم نصب کیا جارہا ہے: وزیر توانائی
اس سے قبل کاروباری سیشن کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع سمیٹنے کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جو 1.68 ڈالر، یعنی 1.66 فیصد بڑھ کر 103.09 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
واضح رہے کہ حوثیوں نے پیر کے روز دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب میں توانائی کے مراکز، ہوائی اڈوں اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان اہداف میں ینبع میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ایک تنصیب، شیبہ آئل فیلڈ، ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ شامل ہیں۔
تاہم سعودی حکام نے ان حملوں سے متعلق حوثیوں کے دعوؤں کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی۔



