اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.53 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 10 اشیاء سستی اور 21 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ حالیہ ہفتے مرغی 7.25 فیصد اور لہسن 1.85 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ دال چنا کی قیمت میں 1.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مدینہ منورہ میں حوثیوں کا پاورڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر ڈرون حملہ شدید اشتعال انگیزی ہے،پاکستان
اسی طرح ایل پی جی کی قیمت میں 1.17 فیصد، انڈوں میں 0.72 فیصد اور چاول میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری جانب ڈیزل 3.43 فیصد، کیلے 1.52 فیصد اور چینی 1.05 فیصد سستی ہوئی۔ اس کے علاوہ آلو کی قیمت میں 0.96 فیصد، پیٹرول میں 0.65 فیصد اور دال مونگ میں 0.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 114.20 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایل پی جی 66.59 فیصد اور بجلی کے چارجز 58.59 فیصد بڑھ گئے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 44.50 فیصد اور پیٹرول میں 44.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سالانہ بنیادوں پر گندم کا آٹا 32.65 فیصد اور مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد مہنگا ہوا۔ دوسری جانب ٹماٹر کی قیمت میں 45.52 فیصد اور آلو کی قیمت میں 39.54 فیصد کمی ہوئی۔ اسی طرح سالانہ بنیادوں پر چینی 21.95 فیصد، انڈے 17.47 فیصد اور نمک پاؤڈر 14.81 فیصد سستا ہوا۔



