نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کویت کے ولی عہد، آسٹریا کے چانسلر، صومالیہ اور کینیا کے صدور سے ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ وزیراعظم اور گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس کی بھی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
ابرار احمد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بولر بن گئے
نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات میں تجارت، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے انسانی وسائل کی ترقی اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو کی اور امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ کینیا کے صدر نے خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت سمیت مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے صحت، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بل گیٹس کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔