پیپلزپارٹی نے وفاقی وزرا کے بیانات کے خلاف عوامی سطح پر بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 12 ستمبر کو سندھ بھر میں ’’سندھ دھرتی ماں ہے‘‘ کے عنوان سے ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ بھر میں ڈویژنل سطح پر وحدتِ سندھ سیمینارز اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزرا کو نئے صوبوں سے متعلق بیان بازی سے روکا جائے۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا معاملہ آئین کے تحت صوبائی اختیار ہے، اس لیے وفاقی حکومت صوبوں کی آئینی حیثیت میں مداخلت سے باز رہے۔ وفاق کے پاس آئینی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت موجود نہیں، لہٰذا جمہوریت کے تسلسل کو کمزور کرنے اور ملکی سالمیت سے کھیلنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اٹھارویں ترمیم، صوبائی خودمختاری اور سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی نے کہا کہ سندھ کے عوام کراچی سے کشمور تک ایک آواز ہیں اور سندھ کی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔