رحیم یار خان میں رکن پور قومی شاہراہ پر باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 باراتی جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کے مطابق حادثہ رکن پور قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔