Gas Leakage Web ad 1

پی پی رہنماؤں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے اقتدار کا سورج ڈوب رہا ہے، مصطفیٰ کمال

0

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی بوکھلاہٹ اس بات کی نشاندہی کر رہی ہے کہ ان کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

کراچی میں ایک تقریب سے متحدہ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے کا وقت آچکا ہے۔ ریاست کے تمام ستون سمجھ چکے ہیں کہ ملک کو موجودہ فرسودہ نظام کے ساتھ مزید نہیں چلایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبائی حکومتوں کی ناانصافیوں کے باعث نوجوانوں نے ہتھیار اٹھائے، لیکن جب نوجوان ایسا کرتے ہیں تو صوبائی حکومت ان کے خلاف غداری کے نام پر آپریشن کرتی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے عوام سو سال بھی ووٹ دے دیں تو گٹر کا ڈھکنا نہ لگانے والے وزیراعلیٰ کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ وزیراعلیٰ نے پانی، ڈومیسائل، کوٹہ سسٹم اور سیوریج سمیت اہم اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھے ہوئے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس اب صرف ایم کیو ایم کی خواہش نہیں بلکہ پاکستان کی بقا کا مسئلہ بن چکے ہیں۔ کراچی کے عوام اپنی نسلوں کے مستقبل کے لیے بڑے احتجاجی مظاہرے کی تیاری کریں اور نئے انتظامی یونٹس کے حصول کے لیے ایک دن پورے کراچی کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام سڑکوں پر نکل کر دنیا کو بتائیں گے کہ وہ اصل میں کیا چاہتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق رواں سال وفاق کی جانب سے صوبوں کو 8 ہزار 884 ارب روپے دیے گئے، جبکہ سندھ کو موجودہ بجٹ میں 2 ہزار 263 ارب روپے ملے ہیں۔ گزشتہ 18 برس کے دوران سندھ کو 22 ہزار ارب روپے مل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو ماضی میں صرف 300 ارب روپے خرچ کرکے بنایا گیا تھا اور ان کی نظامت کے دور میں ہونے والی ترقی کو کراچی کے عوام آج بھی یاد کرتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا کہ حقوق مانگنے پر آگ اس لیے لگی کیونکہ کسی اور کاروبار میں 22 ہزار ارب روپے نہیں مل سکتے۔ ان کے بقول سندھ کے حکمران کراچی کے حصے کا پانی فروخت کرکے لندن، امریکا اور دبئی میں جائیدادیں بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بیرونی سرحدوں پر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے چکا ہے اور اب دنیا کی بڑی طاقتوں کے درمیان ایک اہم ملک کے طور پر بات کی جا رہی ہے۔ پاکستان اب دنیا میں تیسری عالمی جنگ رکوانے کی صلاحیت رکھنے والے ملک کے طور پر ابھر چکا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.