بری فوج کے سربراہ و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تاریخی موقع پر مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک آزادی کے بانی رہنماؤں اور ان تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں نے آزادی کی خواہش کو ایک خودمختار پاکستان کی حقیقت میں بدل دیا۔
ملک بھر میں آج 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جارہا ہے
مسلح افواج کی جانب سے شہداء کی عظیم قربانیوں، سابق فوجیوں کی خدمات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی محنت اور ملک کی خدمت کرنے والے ہر پاکستانی کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج نے مادر وطن کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے، آئین کی سربلندی اور پاکستانی عوام کی جانب سے سونپی گئی مقدس ذمہ داری کو پورا کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔