کراچی: پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب جاری ہے۔
آج ملک بھر میں 79واں جشن آزادی انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
صدر،وزیراعظم کی یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد
اس موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔
پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔
بانی پاکستان کے مزار پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں۔ اعزازی گارڈز کا ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
اعزازی گارڈز کی تعیناتی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔