صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر زرداری نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی جانب سے منظور کی گئی تاریخی قرارداد برصغیر کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی سیاسی خواہشات کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان موجود تاریخی، ثقافتی اور روحانی روابط کی یاد دلاتا ہے، جبکہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ کئی دہائیوں سے حل طلب ہے، جبکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی حقوق سے متعلق خدشات عالمی برادری کی توجہ کا مرکز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کے پرامن اور منصفانہ حل کی حمایت کرتا رہا ہے۔ عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
صدر آصف علی زرداری نے جموں و کشمیر کے عوام کے عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یومِ الحاقِ پاکستان کا دن جموں و کشمیر کے مسئلے کے پرامن، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط کرے گا اور خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔