(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک)
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کوئی بھی کشمیر کو پاکستان سے اور پاکستان کو کشمیر سے الگ کرنے کا تصور نہیں کر سکتا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے یہ
بات گجر خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کا کشمیر کے ساتھ گہرا تعلق ہے اور جب انہیں خدمت کا موقع ملا تو انہوں نے پاکستان کے ساتھ آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کہوٹہ، راولپنڈی سے فارورڈ کہوٹہ تک نواز شریف کے منصوبے نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دشمن کے خلاف معرکہ حق لڑا، اب بھارت کشمیر کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کشمیر میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کر رہے ہیں جبکہ مریم نواز پنجاب میں عوامی خدمت کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور فلاحی منصوبوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، سکالرشپ پروگرام اور دیگر منصوبے عوامی سہولت کے لیے ہیں۔