امریکا نے دنیا بھر میں موجود اپنے شہریوں کے لیے عالمی سفری الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتی تنصیبات بھی نشانہ بنائی گئی ہیں، جبکہ ایران کی حمایت کرنے والے گروہوں کی جانب سے بیرونِ ملک امریکی مفادات اور شہریوں پر حملوں کا خدشہ موجود ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سفری الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور کشیدگی میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے باعث امریکی شہری سفر کے دوران احتیاط برتیں اور مقامی سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھیں۔
یہ سفری الرٹ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کر چکی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے باعث خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔