Gas Leakage Web ad 1

عمرہ نظام میں بڑی تبدیلیاں، نئے رولز کا نوٹیفکیشن جاری

0

وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت نئے عمرہ رولز کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ عمرہ سے متعلق تمام انتظامی، ریگولیٹری اور نگرانی کے امور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دائرہ اختیار میں ہوں گے۔ نئے قواعد کے تحت صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ کمپنیاں ہی عمرہ خدمات فراہم کرنے کی مجاز ہوں گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق جامع عمرہ پالیسی کی تیاری کے لیے عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کے چیئرمین ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ہوں گے، جبکہ وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون و انصاف اور کابینہ ڈویژن سے ایک ایک اعلیٰ افسر کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد نئی عمرہ پالیسی مرتب کرے گی، جسے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا۔

تمام عمرہ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق اپنے نسک (Nusuk) معاہدوں کی فوری تصدیق کروائیں تاکہ انہیں مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست میں شامل کیا جا سکے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی تاکہ عوام مستند آپریٹرز کی آسانی سے شناخت کر سکیں۔

وزارت نے عمرہ زائرین کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ صرف وزارت سے تصدیق شدہ عمرہ آپریٹرز کے ذریعے ہی بکنگ کروائیں۔ غیر رجسٹرڈ یا غیر مصدقہ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کی صورت میں پیش آنے والے مسائل کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر ہوگی، جبکہ وزارت صرف ان کمپنیوں کے خلاف شکایات کا ازالہ کرے گی جو باقاعدہ طور پر وزارت سے تصدیق شدہ ہوں گی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.