کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران پانچ ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 5 کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی ہوا، جسے حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسی طرح جہانگیر آباد ندی کے قریب ہونے والی کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق سی ویو کے علاقے میں بھی مبینہ مقابلے کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، جن سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔
سی ویو سے گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت رحمت اور سعید الرحمان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر گرفتار افراد کی شناخت اور ان کے سابقہ جرائم کے ریکارڈ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ تمام واقعات کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔