سندھ پولیس کے افسران کے لیے میڈیا بریفنگ، انٹرویوز اور عوامی فورمز پر شرکت سے قبل پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ کے احکامات پر اے آئی جی آپریشنز نے اس حوالے سے ہدایت نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی پولیس افسر آئی جی سندھ کی پیشگی منظوری کے بغیر میڈیا پر گفتگو نہیں کر سکے گا۔
ہدایت نامے کے مطابق ٹی وی، ریڈیو پروگرامز، پوڈکاسٹس اور پریس کانفرنسز میں شرکت کے لیے بھی پہلے اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگی۔ اسی طرح ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر عوامی پلیٹ فارمز پر سرکاری حیثیت میں شرکت بھی اجازت سے مشروط ہوگی۔
ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اجازت حاصل کرنے والے افسران اپنی گفتگو کو صرف منظور شدہ ایجنڈے تک محدود رکھیں گے، جبکہ جاری تحقیقات، انٹیلی جنس معلومات اور آپریشنل معاملات سے متعلق حساس تفصیلات شیئر کرنے پر پابندی ہوگی۔
تمام نگران افسران کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔