وزارت داخلہ نے دوہری شہریت کے حامل اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سفری قوانین سخت کرتے ہوئے زائدالمیعاد نائیکوپ (NICOP) پر پاکستان داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
نئی گائیڈ لائنز کے مطابق برطانیہ سمیت دنیا بھر سے آنے والے ایسے مسافر جن کا نائیکوپ کارڈ ایکسپائر ہو چکا ہو، اب پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ وزارت کی جانب سے تمام ملکی ہوائی اڈوں پر امیگریشن حکام کو ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جس کے بعد اب ہوائی اڈوں پر نئی پالیسی نافذ العمل ہے۔
نئے ضوابط کے تحت غیر ملکی پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے دورانِ سفر کارآمد (Valid) نائیکوپ یا درست پاکستانی ویزا اپنے پاس رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل زائدالمیعاد نائیکوپ پر کچھ شرائط کے ساتھ داخلے کی سہولت میسر تھی، تاہم اب امیگریشن حکام کسی بھی ایسے مسافر کو داخلے کی اجازت نہیں دیں گے جس کی دستاویزات کی مدت ختم ہو چکی ہو۔ سمندر پار پاکستانیوں کو سفری مشکلات سے بچنے کے لیے تاکید کی گئی ہے کہ وہ پاکستان روانگی سے قبل اپنے شناختی کارڈ اور ویزا کی میعاد لازمی چیک کر لیں۔