(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک)وفاقی کابینہ میں رد و بدل کا امکان، نئے اور نوجوان چہروں کو شامل کرنے پر غور
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں ممکنہ رد و بدل کے حوالے سے قریبی ساتھیوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے، جس کے بعد نئے اور نوجوان چہروں کو کابینہ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کابینہ میں شامل کیے جانے والے نئے ارکان کو وزیرِ مملکت کے عہدے دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فعال، محنتی اور بہتر کارکردگی دکھانے والے افراد کو آگے لانے کی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بعض وفاقی وزارتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبکہ وزارت تجارت اور وزارت صنعت و پیداوار کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے پر بھی وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چاول، آلو اور پھلوں کی برآمدات میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر بھی حکومتی سطح پر ناراضی پائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ قومی خزانے پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وزارتوں میں اصلاحات اور انتظامی تبدیلیوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف وزارت آبی وسائل کی کارکردگی سے بھی مطمئن نہیں ہیں۔ کمزور کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ جوابدہی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔