(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سندھ کی معاشی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
سندھ کی ترقی سے متعلق اسٹریٹجک منصوبوں کے جائزے کے لیے بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں کیٹی بندر انٹیگریٹڈ کوریڈور اور سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر سمیت مختلف اہم منصوبوں پر غور کیا گیا۔
ملک بھر میں گیس کی فراہمی معمول کے مطابق جاری، سپلائی میں نئی کمی کی خبروں کی تردید
اجلاس کے دوران سندھ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے انفرا اسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز اور فارمرز ایگریکلچرل کلیکٹوز منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کی معاشی تبدیلی ایک طویل المدتی وژن کا حصہ ہے، جس کے ذریعے صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ملاقات کی، جس میں انہیں شہر میں جاری چھ بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
میئر کراچی نے بتایا کہ ابراہیم حیدری پل 120 دن جبکہ عظیم پورہ فلائی اوور صرف 93 دن میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گٹر باغیچہ میں 100 ملین گیلن یومیہ استعداد کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔