(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک) : لاہور: ملک بھر میں گیس کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ بعض خبروں میں گیس سپلائی میں ممکنہ کمی یا نئی رکاوٹوں سے متعلق تاثر کو حقائق کے برعکس قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ روز بعض ذرائع ابلاغ پر ایسی خبریں سامنے آئیں جن سے یہ تاثر ملا کہ صارفین کو گیس کی فراہمی میں نئی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں اور سپلائی میں کمی کی جا سکتی ہے، تاہم ایسی اطلاعات درست نہیں اور گیس کی فراہمی میں کوئی نئی تبدیلی یا کٹوتی نہیں کی گئی۔
خوزستان میں امریکی حملوں میں 3 اہلکار شہید ہوئے: ایرانی پاسداران انقلاب
حکام نے واضح کیا کہ قطر انرجی کی جانب سے مارچ 2026 میں اعلان کردہ فورس میجور میں وقتاً فوقتاً توسیع کی جاتی رہی ہے، جس کی تازہ ترین توسیع سے بھی سوئی ناردرن کے مراسلے کے ذریعے متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جا چکا ہے۔ یہ صورتحال پہلے سے برقرار ہے اور اس کے باعث گیس کی فراہمی میں کوئی نئی منفی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
بیان میں کہا گیا کہ گیس کی فراہمی سے متعلق تمام معاملات نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) اور وزارتِ توانائی کے پٹرولیم ڈویژن کی نگرانی میں مؤثر انداز سے چلائے جا رہے ہیں۔ مقامی گیس کے دستیاب ذخائر سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف شعبوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے باقاعدگی سے ایل این جی کارگوز کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق گھریلو صارفین کی ضروریات، خصوصاً کھانا پکانے کے اوقات میں، ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ صنعتی اور فرٹیلائزر شعبے کو بھی مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، جبکہ بجلی کے شعبے کو زیادہ سے زیادہ گیس فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ لوڈشیڈنگ میں کمی لائی جا سکے۔