لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے بعد مریم نواز شریف کی ہدایت پر ان کے مشیر ذیشان ملک اعلیٰ حکام کے ہمراہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے گھروں میں پہنچے، جہاں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی، ان کے دکھ میں شریک ہوئے اور وزیراعلیٰ کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
غم و اندوہ کے ماحول میں ذیشان ملک نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب اس مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اس سانحے پر انتہائی رنجیدہ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کا مقدمہ درج، 5 افراد زیرِ حراست
بعد ازاں ذیشان ملک نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی، جہاں آہوں، سسکیوں اور سوگ کی فضا میں بچوں کو سپردِ خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی جبکہ لواحقین غم سے نڈھال اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔
اس موقع پر ذیشان ملک نے لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک انتہائی دردناک سانحہ ہے جس کے غم کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مرحوم بچوں کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔