Gas Leakage Web ad 1

اسپین کا تاریخی امیگریشن منصوبہ، 10 لاکھ سے زیادہ غیر قانونی تارکین وطن نے درخواستیں دے دیں

0

اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے حکومتی منصوبے کے تحت 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو حکومت کی ابتدائی توقعات سے کہیں زیادہ ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جہاں یورپ کے کئی ممالک غیر قانونی ہجرت کے خلاف سخت پالیسیاں اپنا رہے ہیں، وہیں اسپین نے غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو قانونی درجہ دینے کے لیے ایک خصوصی اسکیم متعارف کرائی ہے۔

سپریم کورٹ کا بہنوں کو 71 سال بعد وراثتی جائیدار میں حصہ دینے کا حکم

حکومت کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ منگل تھی اور اس دوران 10 لاکھ سے زیادہ افراد نے قانونی حیثیت حاصل کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔ جب حکومت نے اپریل میں اس منصوبے کا آغاز کیا تھا تو اندازہ لگایا گیا تھا کہ تقریباً 5 لاکھ افراد اس سے فائدہ اٹھائیں گے، تاہم درخواستوں کی تعداد اس تخمینے سے دوگنا سے بھی زیادہ رہی۔

میڈرڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیدرو سانچیز نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں درخواستوں کا موصول ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ بہت سے افراد قانونی شناخت اور بنیادی حقوق کے حصول کے منتظر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی انسان کو شناخت اور قانونی حیثیت کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور کرنا نہ صرف اس فرد بلکہ پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد تارکین وطن کو بہتر مستقبل فراہم کرنا اور اسپین کو انسانی حقوق کے احترام کرنے والے ملک کے طور پر مزید مضبوط بنانا ہے۔ ان کے مطابق عمر رسیدہ آبادی، دیہی علاقوں میں آبادی کی کمی، معیشت، لیبر مارکیٹ، فلاحی نظام اور پنشن کے استحکام کے لیے اسپین کو تارکین وطن کی ضرورت ہے۔

تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ درخواست جمع کرانے کا مطلب یہ نہیں کہ تمام درخواست گزاروں کو قانونی حیثیت مل جائے گی۔ درخواست دہندگان کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے اور وہ یکم جنوری سے قبل کم از کم مسلسل پانچ ماہ سے اسپین میں مقیم رہے ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اسپین کی یہ پالیسی یورپ میں امیگریشن سے متعلق جاری بحث کو مزید تیز کر سکتی ہے، کیونکہ متعدد یورپی ممالک اس وقت امیگریشن قوانین سخت کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں، جبکہ اسپین نسبتاً نرم اور انسانی بنیادوں پر مبنی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.