اسلام آباد ہائیکورٹ میں موسمِ گرما کی دو ماہ کی تعطیلات کل سے شروع ہو رہی ہیں۔ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد تعطیلات کے دوران ججوں کی دستیابی کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی رجسٹرار جنرل کی جانب سے جاری آفس آرڈر کے مطابق سرفراز ڈوگر گرمیوں کی تعطیلات کے دوران چھٹی نہیں کریں گے اور دستیاب رہیں گے۔
سٹیٹ بینک نے بغیر قانونی اجازت بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے سے روک دیا
شیڈول کے مطابق سردار اعجاز اسحاق خان جولائی کے دوران دستیاب ہوں گے جبکہ اگست میں چھٹی پر رہیں گے۔ ارباب محمد طاہر یکم سے 14 جولائی تک دستیاب رہیں گے اور 15 سے 31 جولائی تک چھٹی کریں گے، جبکہ یکم سے 16 اگست تک دستیاب اور 17 سے 31 اگست تک چھٹی پر ہوں گے۔
خادم حسین سومرو جولائی میں چھٹی کریں گے اور اگست میں دستیاب رہیں گے۔ محمد اعظم خان جولائی میں دستیاب اور اگست میں چھٹی پر ہوں گے، جبکہ محمد آصف جولائی میں چھٹی کریں گے اور اگست میں دستیاب رہیں گے۔
اسی طرح انعام امین منہاس یکم سے 26 جولائی تک دستیاب رہیں گے، جس کے بعد 31 اگست تک چھٹی پر چلے جائیں گے۔
گرمیوں کی تعطیلات کے دوران قبل از گرفتاری اور بعد از گرفتاری ضمانت کے مقدمات، حبسِ بے جا سے متعلق درخواستیں اور عدالت کی جانب سے مقرر کردہ مقدمات کی سماعت جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ اسٹے آرڈرز اور دیگر فوری نوعیت کے مقدمات بھی مقرر کیے جا سکیں گے۔
عدالت کی ڈائری برانچ کیسز کی فائلنگ کے لیے کھلی رہے گی۔ تعطیلات کے دوران عدالتی اوقات صبح ساڑھے 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز عدالتیں صبح ساڑھے 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کام کریں گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے دفاتر پیر سے جمعرات اور ہفتہ کے روز صبح 9 بجے سے سہ پہر ساڑھے 3 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کو دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے۔