پاک فضائیہ (پی اے ایف) کا ایک تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس افسوسناک حادثے میں طیارے میں سوار دونوں افسران، فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی شہید ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ کا تعلق پاک فضائیہ سے تھا، جبکہ ان کے ہمراہ موجود شہید لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی پاکستان نیوی سے وابستہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈ کوارٹرز نے طیارے کے حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے فوری طور پر ایک اعلیٰ سطحی بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا ہے۔
علی سفینہ نے عاصم اظہر اور میرب علی کی علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی
اس المناک واقعے پر فیلڈ مارشل، سروسز چیفس اور پاک افواج کے تمام رینکس نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عسکری قیادت اور پاک افواج نے شہدا کے پسماندگان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وطن عزیز کے لیے ان کی قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے دونوں پائلٹس، کیپٹن قاسم اور کیپٹن طہٰ کی وطن کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے شہید پائلٹس کے سوگوار لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن قاسم اور کیپٹن طہٰ نے فرض کی راہ میں شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے، اور اس مشکل گھڑی میں ان کی تمام تر ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے تین مقامی افراد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔