وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف منصوبوں اور اداروں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس اور مالی منظوریوں کی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) پروگرام کے لیے 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی۔
پُرامن دنیا کی جانب بڑھنے کے لیے سرحدوں کی حفاظت ضروری ہے: محسن نقوی
اجلاس میں پاک بحریہ کے ہنگور پراجیکٹ کے لیے 10 ارب 15 کروڑ روپے، اسلام آباد پیس ٹاکس کے سیکیورٹی انتظامات کے لیے 69 کروڑ 29 لاکھ روپے اور اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ دھماکے کے متاثرین کے لیے 24 کروڑ 10 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کی آپریشنل ضروریات کے لیے 52 کروڑ 80 لاکھ روپے، پاکستان کوسٹ گارڈز کے لیے فاسٹ پیٹرول بوٹس اور انفراسٹرکچر کی خریداری کے لیے 80 کروڑ روپے، جبکہ اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبے کے لیے 1 ارب 88 کروڑ 37 لاکھ روپے منظور کیے گئے۔
ای سی سی نے نیکٹا کی آپریشنل ضروریات کے لیے 15 کروڑ روپے، ریکوڈک منصوبے کے سیکیورٹی اخراجات کے لیے 41 کروڑ 39 لاکھ روپے اور پی ٹی وی ملازمین کی جون 2026 کی تنخواہوں کے لیے 73 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔
اعلامیے کے مطابق ضلع شگر، گلگت بلتستان میں ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب کے لیے 18 کروڑ 35 لاکھ روپے، پارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہوں اور الاؤنسز کے لیے 11 کروڑ 99 لاکھ روپے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر پیکجز کے لیے 8 ارب 75 کروڑ 89 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے خیبرپختونخوا میں ایس اے پی منصوبوں کے لیے 2 ارب 84 کروڑ روپے، پاکستان منٹ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کے لیے 1 ارب 30 کروڑ روپے اور گلگت بلتستان کے جاری اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کے لیے 4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں بجٹ آنریریم پالیسی کی منظوری دی گئی، جبکہ وزارت تجارت، وزارت قانون اور اے جی پی آر کو بھی اہل اداروں میں شامل کر لیا گیا۔
ای سی سی نے آئی پی او پاکستان کے مالی سال 26-2025 کے بجٹ تخمینوں اور اینگرو ووپک ٹرمینل لمیٹڈ کی آپریشنل سرگرمیوں کے تسلسل کی بھی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل کے لیے 100 ارب روپے تک کی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ سہولت جاری رکھنے اور سینرجیکو کے ساتھ ڈیڈ آف سیٹلمنٹ کے نظرثانی شدہ فریم ورک کی منظوری دی گئی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس منظوری سے ریفائنری اپ گریڈیشن کی راہ ہموار ہوگی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اقتصادی امور ڈویژن کے رہائشی کرایوں کی ادائیگی کے لیے 2 کروڑ 99 لاکھ روپے اور پارلیمنٹ ہاؤس کی جامعہ مسجد کی توسیع و اپ گریڈیشن کے لیے 3 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کر لی۔