صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ ماحولیات کے موقع پر عالمی اور قومی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی صحت، معیشت اور خوراک کے لیے ایک بڑا خطرہ بنتی جا رہی ہے، اس لیے پانی کے مؤثر استعمال، کچرے میں کمی، جنگلات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ اور پائیدار ماحول کی فراہمی کو ایک مشترکہ ذمہ داری قرار دیا۔
یوکرین کے ساتھ پُرامن طریقے سے معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہیں، روسی صدر
عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو قومی پالیسی کا بنیادی ستون بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کم کاربن اخراج کے باوجود کلائمیٹ رسک ممالک میں سرفہرست ہے، جبکہ گلیشیئرز کا پگھلنا، سیلاب اور ہیٹ ویوز سنگین تشویش کا باعث ہیں۔ صدر مملکت نے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان بین الاقوامی تعاون اور کلائمیٹ ایکشن کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس سال کا موضوع "موسمیاتی اقدامات” اس حقیقت کی واضح یاد دہانی ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے عالمی سطح پر عملی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تنزلی کی انسانی اور معاشی قیمت ادا کر رہا ہے، اس لیے انفرادی، حکومتی اور عالمی سطح پر مشترکہ عزم اور تعاون کے بغیر ان چیلنجز کا مقابلہ ممکن نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام عالم کی مشترکہ کوششوں اور مؤثر تعاون کے ذریعے ہی ماحول دوست مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔