یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات کے نقصانات سے عوام کو بچانے کے لیے سخت قانون سازی اور مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ تمباکو عالمی سطح پر ایک سنگین صحت اور معاشی مسئلہ بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے فوری اور جامع اقدامات ناگزیر ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمباکو دنیا بھر سمیت پاکستان میں صحت عامہ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، جو ہر سال لاکھوں قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے عالمی ادارۂ صحت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا اور بتایا کہ تمباکو کے استعمال سے دنیا بھر میں سالانہ 7 ملین سے زائد اموات واقع ہوتی ہیں، جن میں تقریباً 1.6 ملین اموات غیر فعال دھوئیں (سیکنڈ ہینڈ اسموک) کے باعث ہوتی ہیں۔