قومی ایئر لائن پی آئی اے کو نئے مالکان کے حوالے کرنے کی تاریخ سامنے آ گئی ہے، حکومت رواں ماہ ہی پی آئی اے کی ملکیت عارف حبیب کنسورشیم کو منتقل کر دے گی، اس حوالے سے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے۔
پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے بھیجے گئے خط کے مطابق پی آئی اے کو 25 مئی تک عارف حبیب کنسورشیم کے حوالے کر دیا جائے گا، جبکہ اس ضمن میں نجکاری کمیشن فرسٹ کلوزنگ ڈیٹ کا اعلان کرے گا۔ خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی خرید لیے ہیں۔
جنوبی وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام بنا دیا گیا، حملہ آور ہلاک،7 افراد زخمی
خط کے مطابق پی آئی اے کی منتقلی معاہدے کی کنڈیشن پریسڈنٹ پر عمل درآمد سے مشروط ہے اور نجکاری کمیشن کو ان شرائط پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کو 180 ارب روپے میں خریدا ہے، جس میں سے 55 ارب روپے حکومت کو موصول ہوں گے جبکہ 125 ارب روپے پی آئی اے میں نئی ایکویٹی کے طور پر دوبارہ سرمایہ کاری کیے جائیں گے۔
معاہدے کے تحت نئی انتظامیہ ایک سال تک پی آئی اے کے کسی بھی ملازم کو برطرف نہیں کر سکے گی۔
پی آئی اے کے اہم بورڈ اجلاس کی تاریخ اور ایجنڈے میں بھی تبدیلی کر دی گئی ہے، اور اب بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس جمعہ 8 مئی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
اس سے قبل پی آئی اے کا بورڈ اجلاس 30 اپریل کو طلب کیا گیا تھا، تاہم اس اجلاس کے ایجنڈے سے 2025 کے نو ماہ کے مالی حسابات کے جائزے کو نکال دیا گیا تھا۔ اب 8 مئی کو ہونے والے اجلاس میں 2025 کے نو ماہ کے مالی حسابات کے جائزے کو دوبارہ ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 2025 کے مالی حسابات کی منظوری پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کی تکمیل کے لیے ضروری قرار دی گئی ہے۔