پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
اسلام آباد میں پاکستان یورپی یونین بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت معاشی شعبے میں اسٹرکچرل اصلاحات پر عمل پیرا ہے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے یہ اصلاحات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی جی ڈی پی کی شرح نمو 4 فیصد تک رہنے کی امید ہے۔ ان کے مطابق مارچ میں کرنٹ اکاؤنٹ ایک ارب ڈالر سے زائد سرپلس رہا، جبکہ اسی ماہ ترسیلات زر 3.8 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سرمایہ کاری کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے اور مارچ میں اس کے ذریعے 260 ملین ڈالر کی آمد ہوئی۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ اپریل میں پاکستان نے بھاری بیرونی ادائیگیاں کیں اور 75 کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ جاری کیا گیا، جبکہ مئی کے وسط میں 25 کروڑ ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کرنے کا منصوبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جون کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور وزیراعظم شہباز شریف ہر دو ہفتے بعد اس حوالے سے اجلاس منعقد کرتے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ٹیرف اصلاحات پر بھی کام جاری ہے، جس کے تحت کسٹم ڈیوٹیز اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی گئی ہے۔ پہلے سال خام مال اور درمیانی اشیاء پر ڈیوٹیز میں کمی لائی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں اور گردشی قرضے میں کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔