سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی اور کارروائی میں خارجی کمانڈر سمیت چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی باجوڑ میں انجام پائی، جس میں ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی امجد بھی مارا گیا۔
چین کا پاکستانی خلاباز کا مشن میں شمولیت کا اعلان
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امجد فتنہ الخوارج کی رہبری شوری کا سربراہ اور خارجی نور ولی کا نائب تھا، جس پر حکومت نے 50 لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا ہوا تھا۔ ترجمان کے مطابق یہ عناصر افغانستان میں مقیم رہتے ہوئے پاکستان میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیاں چلا رہے تھے اور سرحدی دراندازی کے ذریعے حملوں کی سازش میں ملوث تھے۔
بیان میں عبوری افغان حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ یقینی اقدامات کرے تاکہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے، اور یہ واقعہ اس بات کی تصدیق ہے کہ فتنہ الخوارج جیسے گروہ افغان سرزمین کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور علاقے میں موجود دیگر خارجی یا بھارتی حمایت یافتہ عناصر کے خلاف صفائی آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ آپریشن میں خارجی سرغنہ سمیت چار دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریاست معصوم شہریوں کی حفاظت کے لیے دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔