لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ غیر قانونی افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے مساجد میں اعلانات کرائے جائیں تاکہ عوامی سطح پر آگاہی اور تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔
دلجیت دوسانجھ نے آسٹریلیا میں تاریخ رقم کردی
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ افغان باشندوں سمیت کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل یا پیٹرول پمپ کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پٹواری، نمبردار اور متعلقہ ایس ایچ او کو ان جائیدادوں کی رپورٹ دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔
مزید برآں، تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بارے میں فیلڈ سروے کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ وزٹ ویزے پر یا بغیر قانونی اجازت پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے جدید چہرہ شناس ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ خانیوال میں غیر قانونی افغان باشندوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے کے الزام میں پانچ مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں 45 ہولڈنگ سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں جہاں غیر قانونی افغان شہریوں کو رہائش، خوراک اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔