باجوڑ میں فائرنگ کا واقعہ، اے این پی رہنما سمیت دو افراد جاں بحق
تحصیل خار، باجوڑ میں ہیڈ کوارٹر کے قریب پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب اور ایک اور شخص جاں بحق ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقاص رفیق کے مطابق، واقعے میں مولانا خان زیب کے تین ساتھی بھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مولانا خان زیب عوامی نیشنل پارٹی کی علما کونسل کے سربراہ اور قومی اسمبلی کے سابق امیدوار تھے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ یہ حملہ 13 جولائی کو ہونے والے امن مارچ کی تیاریوں کے دوران پیش آیا، جس میں مولانا خان زیب سرگرم کردار ادا کر رہے تھے۔