اسلام آباد :وفاقی وزیر امیر مقام سے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل یوسف الدوبے نے اہم ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر نے او آئی سی کی مسئلہ کشمیر پر غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:او آئی سی کی کشمیر سے متعلق مسلسل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔”انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کا مقصد کشمیر کی متنازع حیثیت کو یکطرفہ طور پر بدلنا تھا۔مودی حکومت کے نام نہاد انتخابات کو کشمیری عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے صریح خلاف ہیں۔
اس موقع پر یوسف الدوبے نے کہا کہ:اوآئی سی کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے، اور کشمیر پر مفصل رپورٹ وزرائے خارجہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔”انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ اور او آئی سی کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین تنازعات میں شامل ہے اور عالمی برادری کی توجہ اس طرف مسلسل مبذول رہنی چاہیے۔او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران آزاد کشمیر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی حکام اور عوامی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور زمینی حقائق کا جائزہ لیا۔