بلوچستان کے نوجوان بالخصوص طلباء و طالبات کو سہولیات کی فراہمی وزیراعظم کی ترجیح ہے

0

گوادر:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان بالخصوص طلباء و طالبات کو سہولیات کی فراہمی وزیراعظم کی ترجیح ہے

، وزیراعظم نے بلوچستان کے طلباء کیلئے لیپ ٹاپ سکیم میں کوٹہ 3 فیصد سے بڑھا کر 14 فیصد کر دیا ہے، گوادر کے ہونہار طلباء کو مبارکباد پیش کرتی ہوں جو آج وزیراعظم سے اپنا لیپ ٹاپ وصول کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گوادر میں مستحق ماہی گیروں میں امدادی چیک اور گوادر کے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود اور فیصل سبزواری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تقریب میں مستحق ماہی گیروں میں اڑھائی لاکھ روپے فی کس کے امدادی چیک اور طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام 2013ء میں ایک ایک مختصر جامع پروگرام شروع کیا گیا تھا، اسی طرح لیپ ٹاپ پروگرام 2011ء سے پنجاب میں اور 2013ء سے وفاق میں شروع کیا گیا لیکن بدقسمتی سے چار سال یہ پروگرام بند رہا، 2011ء سے 2013ء کے دوران تقریباً 10 لاکھ لیپ ٹاپس میرٹ پر طلباء و طالبات میں تقسیم کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلا پروگرام جو دوبارہ شروع کرایا وہ لیپ ٹاپ پروگرام تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ یونیورسٹی کے طلباء کو دیئے جا چکے ہیں جبکہ نئے مالی سال 2023-24ء کیلئے بھی وزیراعظم کے وژن کے مطابق ایک لاکھ لیپ رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں کھڑے ہو کر آج وزیراعظم کے وژن کے مطابق لیپ ٹاپ پروگرام کا 3 فیصد کوٹہ بلوچستان کے طلباء کیلئے 14 فیصد کرنے جا رہے ہیں۔ شزہ فاطمہ نے کہا کہ ایک لاکھ لیپ ٹاپس میں سے 14 ہزار لیپ ٹاپ بلوچستان کے طلباء کو دیئے جائیں گے جبکہ پورے پاکستان میں یونیورسٹی کی انرولمنٹ میں بھی انہیں لیپ ٹاپ ملیں گے۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور نوجوانوں بالخصوص طلباء کیلئے وزیراعظم کی ترجیح ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہ کوٹہ 3 فیصد سے بڑھا کر 14 فیصد کیا جا رہا ہے، وزیراعظم بلوچستان کے متعدد دورے کر چکے ہیں اور کوئٹہ میں بھی لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ انہوں نے تقریب میں شریک گوادر کے طلباء و طالبات کا خیرمقدم کیا اور وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم سے لیپ ٹاپ حاصل کرنے کیلئے جو بچے اور بچیاں یہاں تشریف لائے ہیں ان کا 4.4 جی پی اے ہے اور یہ اپنی یونیورسٹی کے ٹاپ سٹوڈنٹس ہیں۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.