بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ تجربہ رکھنے کے باوجود شوٹنگ کے دوران بعض اوقات اداکار بھی گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے نوازالدین نے بتایا کہ فلم ’نیو یارک‘ میں کترینہ کیف کے ساتھ ایک سین کی شوٹنگ کے دوران وہ اپنے ڈائیلاگز بولتے ہوئے لڑکھڑا گئے تھے، تاہم یہ غیر متوقع صورتحال منظر کو خراب کرنے کے بجائے کردار کی حقیقت پسندی میں اضافہ کر گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک گفتگو میں نوازالدین صدیقی نے کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’نیو یارک‘ کے ایک انٹرویو سین کا ذکر کیا، جس میں انہیں کترینہ کیف کے سامنے بیٹھ کر طویل مکالمے ادا کرنے تھے۔
اداکار نے بتایا کہ ان کے پاس 4 سے 5 صفحات پر مشتمل ڈائیلاگز تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے لائنیں صرف یاد نہیں کی تھیں بلکہ کردار اور صورتحال کو سمجھ کر ان کا تصور کیا تھا، لیکن جب کیمرہ آن ہوا تو ان کی زبان کچھ لمحوں کے لیے لڑکھڑا گئی۔
نوازالدین کے مطابق یہ غلطی بعد میں اسی کردار کا حصہ بن گئی اور اس نے منظر کو زیادہ قدرتی اور جاندار بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکاری کے دوران بعض اوقات غیر متوقع خامیاں ہی کردار کو زیادہ حقیقی بنا دیتی ہیں۔
فلم ’نیو یارک‘ ایک ہندی کرائم ڈراما فلم ہے جس کی ہدایت کاری کبیر خان نے کی جبکہ اسے یش راج فلمز کے بینر تلے آدتیہ چوپڑا نے پروڈیوس کیا۔ فلم میں جان ابراہم، کترینہ کیف، نیل نتن مکیش اور عرفان خان نے اہم کردار ادا کیے۔ یہ فلم 9/11 کے بعد کے امریکا کے پس منظر میں بنائی گئی تھی اور 26 جون 2009 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم نے اس سال کی کامیاب ہندی فلموں میں جگہ بنائی۔