ملک میں ایل این جی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے قطر سے مائع قدرتی گیس کی درآمد شروع ہو گئی۔
پورٹ قاسم پر قطر سے ایل این جی بردار جہازوں کی آمد جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران قطر سے مائع قدرتی گیس کے 2 کارگو جہاز پورٹ قاسم پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان پورٹ قاسم کے مطابق رواں ہفتے بدھ کو قطر سے ایل این جی کیریئر ’’الخریطیات‘‘ 95 ہزار ٹن سے زائد مائع قدرتی گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچا تھا، الخریطیات ملکی تاریخ میں پہلی بار اتنی مقدار میں مائع قدرتی گیس کے ساتھ اینگرو ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا ہے۔
قطر کے شہر راس لفان سے مائع قدرتی گیس لے کر آنے والا ایل این جی کیریئر مائی زیم بھی پورٹ قاسم پہنچ گیا، یہ جہاز 56 ہزار 573 میٹرک ٹن مائع گیس کارگو لے کر آیا ہے، ترجمان پورٹ قاسم کے مطابق مائی زیم نامی جہاز پورٹ قاسم پی جی پی سی ایل ٹرمینل پر کامیابی سے برتھ کر دیا گیا ہے۔