فیصل آباد میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دنیا نے ہی نہیں بلکہ بھارت نے بھی تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے اسے منہ توڑ جواب دیا۔
فیصل آباد میں ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عوام مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ عام طور پر 25 سے 30 فیصد کے درمیان ہی رہتا ہے۔
یونیورسٹی آف مکران میں ایف سی بلوچستان کے تعاون سے اسپورٹس ویک کا انعقاد
عمران خان کے حوالے سے سوال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے سیاست نہیں کی، بلکہ بدقسمتی سے انہیں سیاست میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کے بانی برسراقتدار تھے تو وہ کہتے تھے کہ وہ کسی سے بات نہیں کریں گے، اور ان کا سارا دھیان صرف مخالفین کے خلاف مقدمات بنانے پر تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ آج بھی سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرنے کے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پیشکش کی تھی کہ وہ میثاق پاکستان پر بات کریں، کیونکہ جمہوریت مکالمے سے آگے بڑھتی ہے، لیکن انہوں نے مکالمہ نہیں کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پورے حلقے میں نہ کسی کو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی روکا گیا، اور کسی کو شکایت کا موقع نہیں ملا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کی وجہ سے مریم نواز کی ترقیاتی منصوبوں کے اعلان کو روکا گیا تھا، لیکن ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کام عوام کے سامنے ہیں۔
بھارت کے ساتھ مئی میں ہونے والی جھڑپ کے حوالے سے وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ دنیا نے ہی نہیں بلکہ بھارت نے بھی تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے اسے منہ توڑ جواب دیا۔