لوگ چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کن مقاصد کیلئے کرتے ہیں؟ کمپنی نے تفصیلات جاری کر دیں
نومبر دو ہزار بائیس میں چیٹ جی پی ٹی کے تعارف پر اسے دفتری کاموں کے لیے انقلابی قرار دیا گیا تھا، لیکن اب اوپن اے آئی کی ایک نئی رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ لوگ اسے ذاتی مقاصد کے لیے زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دو ہزار چوبیس کے وسط میں چیٹ جی پی ٹی پر ہونے والی گفتگو کا تقریباً پچاس فیصد حصہ ملازمت سے متعلق تھا جو دو ہزار پچیس میں کم ہو کر ستائیس فیصد رہ گیا، تاہم استعمال میں کمی نہیں آئی بلکہ اب بھی ہر ہفتے ستر کروڑ سے زائد افراد اس ٹول کو استعمال کرتے ہیں اور روزانہ ڈھائی ارب سے زیادہ پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی کا اسی فیصد استعمال تین شعبوں میں ہو رہا ہے: عملی رہنمائی، معلومات کا حصول اور تحریری کام، جن میں سے عملی رہنمائی سب سے عام ہے۔ ملازمت سے جڑے پیغامات میں بھی تحریری معاونت نمایاں ہے، جبکہ کمپیوٹر پروگرامنگ سے متعلق گفتگو کی شرح صرف چار اعشاریہ دو فیصد رہی۔ اگرچہ ذاتی استعمال میں اضافہ ہوا ہے، مگر ورچوئل تعلقات یا جذباتی مسائل پر بات چیت بہت کم دیکھی گئی۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کا استعمال باون فیصد ہے اور اٹھارہ سے پچیس سال کے افراد سب سے زیادہ صارفین ہیں جو مشاغل یا مشوروں کے لیے رابطہ کرتے ہیں، اور یہ ٹول خاص طور پر کم یا درمیانی آمدنی والے ممالک میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔