چہل قدمی کو صحت کے لیے بہترین سرگرمی سمجھا جاتا ہے، مگر جاپانی چہل قدمی کے مخصوص انداز سے اس کے فوائد میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، اس طریقہ میں تین منٹ تیز رفتاری سے چلنے کے بعد تین منٹ سست روی سے چہل قدمی کی جاتی ہے اور یہ عمل پانچ بار دہرایا جاتا ہے یعنی مجموعی طور پر تیس منٹ کی چہل قدمی کی جاتی ہے، تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس انداز سے چہل قدمی کرنے والوں کی جسمانی طاقت، قوت مدافعت اور دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، ساتھ ہی بلڈ پریشر میں کمی، ٹانگوں کی مضبوطی میں بیس فیصد اضافہ اور ورزش کی برداشت میں چالیس فیصد تک بہتری آتی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ انداز خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہے جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں لیکن سخت ورزش سے بچنا چاہتے ہیں، جاپانی چہل قدمی عمر بڑھنے کے باوجود جسمانی فٹنس برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے اور عام چہل قدمی کے مقابلے میں زیادہ چربی اور کیلوریز گھلاتی ہے، تاہم ہر قسم کی چہل قدمی مجموعی صحت کے لیے مفید ہوتی ہے، اور کسی بھی تبدیلی سے قبل معالج سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔