پیٹرولیم لیوی کی وصولی مالی سال 2025-26 میں ریکارڈ 1567 ارب 45 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف اور آئی ایم ایف کے تخمینے سے بھی زیادہ رہی، جبکہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 50 ارب 16 کروڑ روپے کی الگ وصولی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 2025-26 میں لیوی کی وصولی میں 347 ارب 24 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زیادہ رہی۔
نوجوانوں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ متحد رہیں: مراد علی شاہ
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال لیوی کی وصولی آئی ایم ایف کے تخمینے سے 21 ارب روپے زیادہ رہی۔ مالی سال 2025-26 کے لیے آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی وصولی کا تخمینہ 1546 ارب روپے لگایا تھا، جبکہ پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا حکومتی ہدف 2025-26 میں 1468 ارب روپے مقرر تھا۔
مالی سال 2024-25 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 1220 ارب 21 کروڑ روپے تھی، جبکہ مالی سال 2023-24 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی ایک ہزار 19 ارب روپے تھی۔ مالی سال 2022-23 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی 580 ارب روپے تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 28 پیسے فی لیٹر کے حساب سے لیوی عائد ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل پر 5،5 روپے فی لیٹر کے حساب سے کلائمیٹ سپورٹ لیوی الگ سے عائد ہے۔