کراچی میں مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج گورنر اور کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی ہے اور پاکستان کی ترقی کے لیے دعائیں کی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 10 اکتوبر 1938 کو سندھ نے عیدگاہ میدان میں ایک قرارداد پیش کی، جبکہ پاکستان بننے کے بعد دوبارہ قرارداد پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں اور سب متحد رہیں۔
امریکی ناظم الامور کی پاکستان کو یوم آزادی پر مبارکباد
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہماری جوہری طاقت کے بانی ہیں، انہوں نے شہادت قبول کی مگر گھٹنے نہیں ٹیکے، جبکہ بینظیر بھٹو نے بھی شہادت قبول کی مگر پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مشکل وقت میں وزارت خارجہ کی باگ ڈور سنبھالی، بھارت نے ہماری طرف میلی نظر سے دیکھا تو قوم متحد ہوگئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ متحد رہیں، جبکہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتا ہوں۔